خواتین مزاحمت کی تحریکوں میں بھی فعال کردار ادا کر سکتی ہیں، بیرسٹرسلطان محمودچوہدری

آزادکشمیر کے سابق وزیرا عظم اور پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک آزادی،عوامی مسائل کے حل اور ایک خوش حال اور باوقار آزادکشمیر کی تشکیل کے لئے،معاشرے کے ہر طبقے کی طرح خواتین کو زیادہ فعال اور منظم کردار ادا کرناہوگا۔زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا پی ٹی آئی کے منشور کا لازمی حصہ ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک میں کلیدی کردار ادا کرکے خواتین نے ثابت کیا ہے کہ خواتین مزاحمت کی تحریکوں میں بھی فعال کردار ادا کر سکتی ہیں کنٹرول لائن پر بھارت کے جارحانہ عزائم نے آزادکشمیر کے عوام کے لئے کئی چیلنج کھڑے کئے ہیں۔ان چیلنجز کا مقابلہ بھرپور قومی اتحاد،حکمت وتدبر اور جدید ذرائع ابلاغ کے کامیابی کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا پانچ اگست کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کو یہ باور کرایا تھا کہ جنوبی ایشیا کا امن ایک ہٹلر نما شخص مودی کے باعث داؤ پر لگا ہوا ہے۔تجارت کی مصلحتوں کے باعث دنیا نے اس خطرے کو سمجھنے کی کوشش نہیں کی آج تین ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی نے اس بات کو سچ ثابت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے کشمیریوں نے بھارت کو دفاعی پوزیشن میں دھکیل کر رکھ دیا ہے۔ہزاروں افراد کے جلوسوں اور مظاہروں میں کشمیری تارکین وطن خواتین کا مرکزی کرداررہا۔ انہوں نے خواتین پر زورد یا کہ ٹویٹر سمیت تمام ذرائع ابلاغ کو مقبوضہ کشمیر کے حالات سے دنیا کو با خبر رکھنے اور کشمیری عوام کے جذبات سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لئے استعمال کرنے کو فروغ دیا جائے