سی اے اے کی جوابی پابندی کے بعد پی آئی اے کو کویت کیلئے پروازوں کی اجازت مل گئی

خلیجی ملک کویت کے لیے قومی ایئر لائن پاکستان انٹر نیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پروازیں بحال ہوگئیں۔

اس بات کا اعلان پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کیا۔

انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اللہ کا شکر ہے پی آئی اے نے حکومت پاکستان کی بے انتہا سپورٹ کے ساتھ کویت کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن بحال کردیا ہے۔

خیال رہے کہ کویت کی جانب سے عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم وبا کا پھیلاؤ کم ہونے کے بعد بھی پروازوں کی اجازت نہیں دی گئی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پاکستان کی جانب سے کویتی سی اے اے سے متعدد مرتبہ پی آئی اے کو پروازیں بحال کرنے کی اجازت دینے کی درخواست دی گئی لیکن کویتی حکام نے اجازت نہیں دی تھی۔