فورسز کی جنوبی وزیرستان میں کارروائی، دہشتگرد ہلاک، جوان شہید

سیکیورٹی فورسز کی جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کےخلاف کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور پاک فوج کے نائیک ضیاء الدین شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایک دہشتگرد زخمی حالت میں گرفتار بھی کیا گیا جس سے فوجی چوکی پر حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ11 اور 12 اگست کی رات جنوبی وزیرستان کے علاقے سراردغہ میں 3 سے 4 دہشتگردوں کی مشکوک سرگرمیوں کا نوٹس لیا ،دہشت گردوں نے کوئیک رسپانس فورس کے جوانوں پر فائرنگ کی۔

کوئیک رسپانس فورس نےدہشتگردوں کاپیچھا کرتے ہوئے انہیں چیلنج کیا، پاک فوج کی بروقت کارروائی سے ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ پاک فوج کے نائیک ضیاءالدین شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد نے فوجی چوکی پر حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے ۔