قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت کی انتہا کررکھی ہے، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جاری بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت کی انتہا کررکھی ہے اور کشمیری نوجوانوں کو گھر گھر تلاشی کی آڑ میں روزانہ شہید کیاجارہا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے جس کا عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاون کو نافذ ہوئے تقریباً 10 ماہ گزر چکے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کسمپرسی کے عالم میں دُنیا کی سب سے بڑی جیل میں زندگی گزار رہے ہیں پوری دُنیا کو رونا وائرس کے باعث لاک ڈاون کو چند ہفتے برداشت کرنے میں ناکام ہو گئی اوردُنیا میں غربت کے لیول میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہےان حالات سے مقبوضہ کشمیرمیں مہینوں سے جاری لاک ڈاون اور کرفیو سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حالات زندگی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ آج جس طرح پوری دُنیا میں نسل پرستی کے خلاف آواز اٹھائی جارہی ہے اسی طرح دُنیا کو بھارت کی جانب سے ہندو انتہا پسندی کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف جاری تعصب کے خلاف بھی آواز بلند کرنی چاہیے۔