نون لیگ کی اداروں کیخلاف مہم جاری ہے: فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون نے اداروں کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ کل عدالتوں پر حملہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن میں پیش ہوا، بطور وزیرِ اطلاعات جو بات کرتا ہوں وہ کابینہ کی پالیسی ہوتی ہے۔

نہوں نے سابق چیف جج گلگت بلتستان پر الزام عائد کیا کہ رانا شمیم لندن میں نواز شریف کے خرچے پر رہ رہے ہیں، حسین نواز رانا شمیم کو ڈیل کر رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے الزام عائد کیا کہ رانا شمیم نے جو حلف نامہ دیا اس کی فیس بھی نواز شریف نے دی، ہم ججز اور ادارواں کا احترام کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پارلیمان کا مشترکہ اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے، انتخابی اصلاحات کا بل ہم کل پاس کروا رہے ہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ اصلاحات پر ہم کھلے دل کے ساتھ بات کرنے اور مل جل کر چلنے کو تیار ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ میں کسی شوکاز نوٹس کے چکر میں پڑنا نہیں چاہتا، ای وی ایم یا انتخابی اصلاحات عمران خان کا نہیں قومی ایجنڈا ہے۔