وزیراعظم آزادکشمیرسے وزیراعلی گلگت بلتستان سمیت اہم شخصیات کی ملاقاتیں

وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے الگ الگ ملاقائیں کی اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آزادکشمیر میں وزارت عظمیٰ کے لیے بہترین شخص کا انتخاب کیا۔امید ہے پی ٹی آئی حکومت کشمیری عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کی عوام نے تحریک انصاف کو بھرپور مینڈیٹ دیا۔ہماری حکومت آزادکشمیر کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ میرے وزیراعظم بننے پر ریاست بھر میں بھرپور خوشی کا اظہار کیا گیا اور مجھے عوامی وزیراعظم کا لقب بھی دیا گیا۔لوگ مجھے نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔ہم خدمت کریں گے اور عوام چھ ماہ میں حقیقی تبدیلی محسوس کریں گے۔ وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظالم کی انتہا کردی اس کے باوجو د کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ مودی فاشٹ نے دنیا کا امن خطرے سے دوچار کر دیا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اقوام عالم اپنا کردار ادا کرے۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد اخلاق، ملک ظفر اور جاوید بٹ نے بھی ملاقات کی۔