کرونا کی وجہ سے صورتحال تبدیل ہورہی ہے ہمیں بہت ساری چیزیں تبدیل کرنا ہونگی، وزیراعظم آزادکشمیر

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے آزادکشمیر کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے ہمیشہ سے فراخدلانہ امداد کی اب ہماری ذمہ داری بنتی ہے ہم اپنی کارکردگی کے ذریعے ایسے منصوبہ جات پر فنڈز خرچ کریں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آئیں اور یہ خطہ تعمیر وترقی اورمعاشی خود کفالت کے حوالے سے ایک رول ماڈل بنے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے گزشتہ چار سالوں میں اسی مشن اور ویژن کے تحت درست سمت میں بہترین پیش رفت کی ہے۔ پاکستان اور آزادکشمیر کے رشتوں کو ہمیشہ دونوں طرف کی حکومتوں نے مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی۔ کچھ کام آزاد کشمیر حکومت کے بھی ذمے ہیں جن میں عوام ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل کے ساتھ ساتھ عوام کو فائدہ پہنچانے اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے منصوبہ جات تشکیل دیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کرونا کی وجہ سے صورتحال تبدیل ہورہی ہے۔ ہمیں بہت ساری چیزیں تبدیل کرنا ہونگی اور جدت لانا ہوگی اس کیلئے ہمیں اور تمام محکمہ جات کو تیار ہونا پڑیگا۔ اس حوالہ سے شعور اور آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔آزادکشمیر کو معاشی خودکفالت کے حوالے سے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے حوالہ سے حکومت طویل المدتی پالیسی پر عمل پیرا ہے