ہمار عزم عوام کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے خطہ کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے، صدرریاست

آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سدھن ایجوکیشن کانفرنس آزاد کشمیر کی سب سے قدیم تعلیمی اور سماجی تنظیم ہے جس نے آزاد علاقے میں تعلیم کے فروغ اور سماجی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں میجر ریٹائرڈ سردار مشتاق کی قیادت میں سدھن ایجوکیشن کانفرنس کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بلند شرح خواندگی میں دیگر کئی عوامل کے علاوہ ایک عامل سدھن ایجوکیشن کانفرنس کی طرز کی سماجی تنظیموں کا کردار بھی ہے جنہوں نے بے لوث طریقے سے دن رات محنت کر کے نہ صرف عوام میں تعلیم کی اہمیت کا شعور اجاگر کیا بلکہ تعلیم کے لیے ساز گار ماحول بنانے اور غریب اور نادار طلبہ کی مدد کر کے انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ اس تنظیم کے کردار پر ہم تنظیم کی موجودہ اور سابق قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ قبل ازیں وفد نے صدر ریاست کو بتایا کہ راولاکوٹ کے قریب چھوٹا گلہ کے مقام پر تنظیم نے اپنا جو دفتر قائم کیا ہے اس کے ایک حصے کو گرلز ہاسٹل کے لیے مختص کر دیا ہے۔ جبکہ تنظیم نے اپنی پراپرٹی کا ایک بڑا حصہ مارکیٹ سے انتہائی کم قیمت پر یونیورسٹی آف پونچھ کو فراہم کر دی تاکہ اسے تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جا سکے۔ وفد نے صدر ریاست کو مزید بتایا کہ آزاد علاقے کے عوام کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے خطہ کو ترقی کی راہ پر ڈالنا تنظیم کی ترجیح اول ہے اور تنظیم نادار، مستحق اور میرٹ بیسڈ وظائف پورے آزاد کشمیر کے طلبہ کو بلا امتیاز مہیا کرتی ہے۔