مظفرآباد پولیس نے اندھے قتل کا معاملہ ٹریس کرلیا

مظفرآباد پولیس کی بڑی کامیابی، گزشتہ ماہ راڑہ میں ہونے والے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، قاتلوں کو گرفتار کرتے ہوئے پابند سلاسل کر دیا ، آلہ قتل برآمد۔ایس ایچ او سول سیکرٹریٹ پولیس سٹیشن زاہد عمرکی نگرانی میں پولیس ٹیم نے راڑہ میں گزشتہ ماہ قتل ہونے والے شمریز کے قاتلوں کو گرفتار کیا۔ اس سلسلہ میں تحقیقات کے حوالہ سے پیش رفت کا جائزہ لینے کےلئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس مظفرآباد ریجن راجہ شہریار سکندر کی زیر صدارت پولیس افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میںایس ایس پی مظفرآباد یاسین بیگ ، ایڈیشنل ایس پی مقصو د عباسی، ڈی ایس پی خواجہ امیر الدین ، اے ایس پی خرم اقبال ، پی ڈی ایس پی آصف مغل ،ایس ایچ او تھانہ سول سیکرٹریٹ راجہ زاہد عمر ودیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں شمریز قتل کیس کی اب تک کی تفتیش پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر مقدمہ کی تفتیش کےلئے بنائی گئی ٹیم کے سربراہ راجہ زاہد عمر خان نے ڈی آئی جی پولیس راجہ شہر یار سکندرکو بریفنگ دی ۔ راجہ زاہد عمر نے بتایا کہ شمریز کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا گیاتھا جن سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی راجہ شہریار سکندرنے ہدایت کی کہ اس مقدمہ کی تفتیش کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اسے یکسو کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ انصاف کی فراہمی میں صاف و شفاف تفتیش انتہائی ضروری ہے ، پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قاتلوں کو بروقت ٹریس کرتے ہوئے گرفتار کیا جس پر پولیس ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 8جنوری کو محمد شمریز ولد میر عالم کو رات کے وقت راڑہ کھیتر کے مقام پر دوکان بند کر کے گھر جاتے ہوئے گولیاں ما ر کر قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے شمریز کے قاتلوں شہزاد شاہ عر ف شہزادی ولد الطاف شاہ ساکنہ چروایا، جاوید ولد محمد عالم اعوان ساکنہ راڑہ کھیتر کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کر دیا ہے ۔ پولیس نے ملزمان سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے ،ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ۔