نوازشریف کے نظریے کے تخفظ کی قسم کھائی ہے، مشاق احمدمنہاس

وزیر اطلاعات ، سیاحت ، کھیل و امور نوجواناں راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کا نظریہ آفاقی نظریہ ہے جس کے تحفظ اور ترویج کی ہم نے قسم اٹھائی ہوئی ہے ، راجہ محمد فاروق حیدرخان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، کسی بھی شخص کا آنا یاجانا ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ نواز شریف نے آزادکشمیر کے ساتھ احسانات کیے ، سرادر سکندرحیات خان نے خود پنجاب ہاﺅس میں محمد نواز شریف کو وفاداری کا حلف دیا تھا ، آج وہ چلے گئے ہیں لیکن ہم محمد نوا زشریف کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ نکیال سے لوگوں نے جس اندا زمیں مسلم لیگ ن اور نواز شریف کے نظریے کو اپنایا ہے اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، یہ نواز شریف کے آفاقی نظریے اور ان کی آزادکشمیر میں مقبولیت کی دلیل ہے ۔ جموں وکشمیر ہاﺅس میں سردار منیر احمد خان کی بطور پولیٹیکل کوآرڈینیٹر ہمراہ وزیراعظم تعیناتی کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے پاکستان میں عوام کی خدمت کی آج پاکستان کے لوگ محمد نوازشریف کا سنہرا دور یاد کر کے رو رہے ہیں اور یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ انشاءاللہ رب العزت کے فضل و کرم سے پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت دوبارہ آنے والی ہے ۔ آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ ن کی حکومت دوبارہ آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکندرحیات بزرگ ہیں ہم ان کا احترام کرتے ہیں مگر ہمارے قائد محمد نواز شریف کے بارے میںانہوں نے جو الفاظ استعمال کیے اور جس طرح کی سطحی باتیں کیں اس پر لیگی کارکنان غمزدہ ہیں اگر یہ سلسلہ جاری رہاتو لیگی کارکنان بھی ان کو جواب دینگے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے انہیں نہیں چھوڑا سکندرحیات خان نے مسلم لیگ ن چھوڑی ہے اور پھر یہ بات وقت نے ثابت کر دی ہے کہ ان کے کارکنان اور جو نسل درنسل ان کے ساتھ چلتے تھے انہوں نے بھی سکندرحیات کے اس فیصلے کو قبول نہیں کیا۔ راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاکہ ہم نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں ۔