امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے، ہم اپنی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے، صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کاکہناہے کہ ہماری امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے، ہماری مسلح افواج دور حاضر میں کسی سے پیچھے نہیں ،کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں،پاکستان دنیا کے چند ممالک میں شامل ہے جو دفاعی پیداوار میں خودکفیل ہے ،عہد کریں آزادی کی طرح ترقی اورخوشحالی کی منزل بھی حاصل کریں گے ،ہم اپنی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے ۔

یوم پاکستان کی تقریب سے صدر مملکت عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوم پاکستان پوری قوم کو مبارک ہو ، شاندار پریڈپر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پریڈ میں موجودتینوں مسلح افواج کے سربراہان کو سلام پیش کرتے ہیں۔

صدر عارف علوی نے کہاکہ 23مارچ کو بھارت کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا تعین ہواتھا،پاکستان آج ایک ایٹمی قوت ہے ،اقبال کی فکر اورقائد کی جدوجہد سے سات سال میں خواب تعبیر ہوا۔

صدرمملکت کاکہناتھا کہ پاک فوج نے ہر مشکل میں وطن عزیز کی حفاظت کی ،دنیا کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں ،سائنس و ٹیکنالوجی سے ہر شعبے انقلابی تبدیلیاں ہو رہی ہیں ،ہمیں اسلامی ورثے اورقومی روایات کی پاسداری کرنی ہے ۔

صدر عارف علوی نے کہاکہ پاک فوج کی دہشتگردی کیخلاف کامیابی کی دنیا بھی معترف ہے ،نفرت اورسازشوں نے پورے خطے کے حالات کو مفلوج کررکھاہے ،ہم خطے میں امن ،سلامتی اورترقی کے خواہش مند ہیں ،اچھی نیت اورامن کی خواہش کے ساتھ آگے بڑھنے پر یقین رکھتے ہیں ۔