عام آدمی تک بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے ہمارے میگا پراجیکٹ ہیں، وزیراطلاعات آزادکشمیرمشتاق منہاس

مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات،سیاحت،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ عام آدمی تک بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے ہمارے میگا پراجیکٹ ہیں۔اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ باغ کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی منصوبے زمین پر نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا فرضی سکیمیں بنانے والوں اور اس پر مٹی ڈالنے والوں کیلیے اب باغ کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت نے پہلی مرتبہ عام آدمی کیلیے سہولتوں کی۔فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے ٹھوس اقدامات کئے ہیں تاکہ انہیں گڈ گورننس کے ثمرات سے بہرہ ور کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ لنک روڈز،کچی سڑکوں،سولنگ سڑکوں،پی سی سی سڑکوں،واٹر سپلائی،واٹر ٹینک،جنازہ گاہوں،پیدل راستوں سمیت کئی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر عام آدمی کو سہولتیں فراہم کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پلوں کی تعمیر،باغ کیلیے الگ گرڈ اسٹیشن،امراض قلب ہسپتال کے اہم منصوبہ جات کو پورا کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گئے۔انہوں نے کہا کہ میری سیاست کا محور ان لوگوں کیلیے کچھ کرنا ہے جو بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں کیونکہ ایسے لوگوں کو اوپر اٹھانے سے ہی معاشرتی تفاوت ختم ہو گی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل سے باغ میں کمیشن مافیا کی سیاست کی چولیں ہلا دی ہیں عوام کے تعاون سے اب انہیں دوبارہ پاوں جمانے کا موقع نہیں ملے گا۔