عمران خان نے ایکٹنگ میں ہالی وڈ کے فنکاروں کو بھی مات دیدی، وزیراطلاعات آزادکشمیر مشتاق منہاس

مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات،سیاحت،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ عمران خان نے جس بازار کا دورہ کیا وہ دنیا کے کس کونے میں ہے کہ جس میں ایک بھی خریدار نہیں تھا۔عمران خان نواز شریف کی طرز پر ایسے اقدامات کرتے تو ہیں مگر اپنا مذاق بنوا لیتے ہیں۔اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے دور میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں جبکہ وہ اس طرح کے چونچلوں سے عوام کو بہلانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا تحریک انصاف کی نااہل اور نالائق حکومت کے دن اب قریب آگئے ہیں کیونکہ انہوں نے ملک کے ہر شعبے کا ستیاناس کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جھوٹ پر مبنی ایسا سراب دکھاتی ہے جس میں دھوکے کے سوا کچھ بھی نہیں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے والی تحریک انصاف نے نہ صرف عوام کو نوکریوں سے محروم کیا بلکہ ان کے سر سے چھت بھی چھین لی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہونگی اور انہیں چھپنے کو جائے پناہ نہیں ملے گی